جئے پور، 22/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)راجستھان میں ضمنی اسمبلی انتخابات کے لیے بی جے پی نے 6 امیدواروں کا اعلان کیا ہے، لیکن اس فیصلے سے کئی لیڈران ناراض ہیں۔ ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی کے اندر اختلافات بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ جھنجھنو، رام گڑھ اور سلمبر سیٹوں سے محروم رہنے والے امیدواروں نے بغاوت کا اظہار کرتے ہوئے آزادانہ طور پر انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے بی جے پی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دراصل بی جے پی نے جھنجھنو اور رام گڑھ میں 2023 میں پارٹی سے بغاوت کر کے انتخابی میدان میں اترنے والوں کو ٹکٹ دیا ہے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ 2023 کے اسمبلی انتخاب میں شکست کھانے والے بی جے پی امیدوار ناراض ہو گئے۔ مگڈھ اسمبلی سیٹ کے لیے تو سبھی ڈویژن کے صدور نے مخالفت میں استعفیٰ دے دیا۔ دیولی انیار سیٹ پر وجئے بنسل کا ٹکٹ کٹنے سے ان کے دو حامی احتجاجاً پانی کی ٹنکی اور موبائل ٹاور پر چڑھ گئے۔ سلمبر اسمبلی سیٹ سے ٹکٹ نہ ملنے پر ایک دعویدار تو روتا ہوا بھی نظر آیا۔
واضح رہے کہ راجستھان میں 7 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہونے ہیں۔ ان میں سے 4 سیٹوں پر پہلے کانگریس کا قبضہ تھا۔ بی جے پی کے پاس صرف سلمبر کی ایک سیٹ تھی۔ بقیہ 2 سیٹوں پر بی اے پی اور آر ایل پی قابض تھے۔ اب بی جے پی اس کوشش میں ہے کہ 7 میں سے زیادہ تر سیٹیں جیت کر اپنی تعداد اسمبلی میں زیادہ کر لیں۔ اسی لئے ٹکٹ کی تقسیم میں بی جے پی کی جانب سے صرف ان امیدواروں کو ترجیح دی گئی ہے جن کو لے کر پارٹی کو امید ہے کہ انتخاب میں جیت حاصل کر سکتے ہیں۔